Comma for either/or — dharma, courage. Spelling forgiving — corage finds courage.

    Cover for Diwan-E-Ghalib

    Diwan-E-Ghalib

    Qafas mein hoon gar achha bhi na jaanein mere shevan ko

    Mirza Ghalib

    Trace this book's journey in the atlas →

    قفس میں ہوں گر اچھا بھی نہ جانیں میرے شیون کو مرا ہونا برا کیا ہے نوا_سنجان_گلشن کو

    نہیں گر ہمدمی آساں نہ ہو یہ رشک کیا کم ہے نہ دی ہوتی خدایا آرزوئے_دوست دشمن کو

    نہ نکلا آنکھ سے تیری اک آنسو اس جراحت پر کیا سینے میں جس نے خوں_چکاں مژگان_سوزن کو

    خدا شرمائے ہاتھوں کو کہ رکھتے ہیں کشاکش میں کبھی میرے گریباں کو کبھی جاناں کے دامن کو

    ابھی ہم قتل_گہہ کا دیکھنا آساں سمجھتے ہیں نہیں دیکھا شناور جوئے_خوں میں تیرے توسن کو

    ہوا چرچا جو میرے پاؤں کی زنجیر بننے کا کیا بیتاب کاں میں جنبش_جوہر نے آہن کو

    خوشی کیا کھیت پر میرے اگر سو بار ابر آوے سمجھتا ہوں کہ ڈھونڈے ہے ابھی سے برق خرمن کو

    وفا_داری بشرط_استواری اصل ایماں ہے مرے بت_خانے میں تو کعبہ میں گاڑو برہمن کو

    شہادت تھی مری قسمت میں جو دی تھی یہ خو مجھ کو جہاں تلوار کو دیکھا جھکا دیتا تھا گردن کو

    نہ لٹتا دن کو تو کب رات کو یوں بے_خبر سوتا رہا کھٹکا نہ چوری کا دعا دیتا ہوں رہزن کو

    سخن کیا کہہ نہیں سکتے کہ جویا ہوں جواہر کے جگر کیا ہم نہیں رکھتے کہ کھودیں جا کے معدن کو

    مرے شاہ_سلیماں_جاہ سے نسبت نہیں غالبؔ فریدون و جم و کے خسرو و داراب و بہمن کو